30 جولائی 2014 - 09:21
اسرائیل کی بربریت، غزہ کا اکلوتا بجلی گھر بھی تباہ+ تصاویر

غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔ انسانوں اور مکانات کے بعد اسرائیل نے فلسطینی اثاثوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیا ہے۔ اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں غزہ کی پٹی کا اکلوتا بجلی گھر بھی تباہ کردیا گیا ہے جسکا اعلان محکمہ بجلی کے حکام نے کردیا ہے۔ پاور اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین فتحی الشیخ خلیل نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے باعث بجلی گھر نے کام کرنا مکمل طور پر چھوڑ دیا، گولہ باری سے بجلی گھر کا سٹیم جنریٹر تباہ ہو گیا جبکہ بمباری کے نتیجے میں بجلی گھر کے آئل ڈپو میں آگ لگ گئی جس کے بعد علاقے سے شعلے آسمان کی جانب اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے شہری دفاع کا عملہ اور آگ بجھانے والی گاڑیاں متاثرہ علاقے تک نہیں پہنچ سکیں جس سے سب کچھ جل کر خاک ہو گیا۔ الشیخ خلیل نے مزید بتایا کہ اسرائیل سے آنے والی بجلی سپلائی کی لائنز بھی گولا باری سے بری طرح متاثر ہوئی ہیں، دس میں سے پانچ مین لائنز تباہ ہو چکی ہیں۔ ان تباہ شدہ لائنز کی بحالی کے لئے عملے کو ان تک رسائی حاصل نہیں۔ یاد رہے کہ جزوی طور پر آپریشنل غزہ کے اکلوتے بجلی گھر سے اٹھارہ لاکھ اہلیاں غزہ کو صرف 65 میگاواٹ بجلی ملتی ہے۔ پاور اتھارٹی کی ویب سائٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے علاقے کی بجلی کی ضروریات 280 سے 320 میگا واٹ کے درمیان ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲